جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نےکہا ہے کہ پاکستان کو انارکی کی طرف دھیکلا جارہا ہے، 77 سال سے ملک پر مسلط قوتوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، حکمرانوں کے پرتشدد رویے کی مذمت کرتے ہیں۔
سکھر میں سندھ باب السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 77 سال سے جو قوتیں پاکستان پر مسلط ہیں ان کو گریبان میں جھانکنا چاہیے، پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ، مفاد پرست سیاست دانوں اور بیورو کریسی کو کہنا چاہتا ہوں آپ کے بس میں ملک کی خوشحالی نہیں، آپ راستے سے ہٹ جائیں اور اپنی ناکامی کو تسلیم کریں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی طاقت کو غلط استعمال کیا جارہا ہے، غلط حکمرانی کی وجہ سے ملک میں قدم قدم پر اضطراب ہے، خون بہہ رہا ہے اور وسائل پر قبضہ کیا جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں پر اس کی عوام کا حق ہے، کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ وہاں کے وسائل پر جبراً قبضہ کرے، ہم نہ اپنے بچوں کا حق کسی کو دینا چاہتے ہیں اور نہ ہی کسی کا حق چھیننا چاہتے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان کو انارکی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، عوام آئین اور قانون کا احترام کرتی ہے لیکن اگر ملک میں قانون پر حکمرانوں کی جانب سے عمل درآمد نہیں تو پھر قوم بھی اس کی پابند ہونے کی مجاز نہیں۔