بجلی صارفین کیلئے خوشخبری،ایک ماہ کیلئے بجلی 1 روپے 1 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ،سینٹرل پرچیزنگ پاورایجنسی نے نیپرامیں درخواست دائرکردی،درخواست اکتوبرکی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی،نیپرا اتھارٹی سی پی پی اے کی درخواست پر 26 نومبر کو سماعت کرے گی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر میں 9 ارب 98 کروڑ یونٹ بجلی فروخت ہوئی، اکتوبر میں فی یونٹ بجلی کی پیداوار پر فیول کی لاگت 9 روپے 26 پیسے رہی۔
سی پی پی اے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر میں فی یونٹ فیول کی لاگت کا تخمینہ 10روپے 27 پیسے لگایا گیا تھا۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کیلئے بجلی سستی کرنے کانوٹیفکیشن جاری کیاتھا۔
نیپرا نے بجلی ایک روپے 28 پیسے فی یونٹ سستی کرنےکا اعلان کیا تھا۔نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی ستمبر 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں کی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین کو قیمت میں کمی کا ریلیف نومبر کے بلز میں ملے گا۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا۔نیپرا سے جاری اعلامیہ میں بتایاگیا تھاکہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے جی) نے ایف سی اے کی مد میں71 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی۔ اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا ۔
یہ بھی بتایا گیا تھا کہ نیپرا دستاویزات کے مطابق بجلی ترسیلی و تقسیمی نقصانات کی مد میں سوا2 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔اس حوالے سے درخواست کی سماعت20 نومبر کو ہو گی اور منظوری کی صورت میں اطلاق کے الیکٹرک پر بھی ہو گا۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے8 ارب71 کروڑ روپے کی وصولی کیلئے نیپرا میں درخواست دائر کر دی تھی۔ درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی تھی۔