بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارت کے پاکستان جانے سے انکار پر پاکستان بھارت کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت لے جاسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیاسی تناؤ کی وجہ سے دونوں ٹیموں نےایک دہائی سے زیادہ عرصے میں ایک بھی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی تاہم پاکستان 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا سفر کرچکا ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کو ایک ہائبرڈ سیریز کی تجویز دی ہے جس میں بھارت اپنے میچ دبئی میں کھیل سکتا ہے تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایسی کسی بھی تجویز کی تردید کرتےہوئے کہا ہےکہ مقابلےکےکوئی میچ پاکستان سے باہر نہیں ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کے انکار پرپاکستان کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے دعوے سے متعلق پاکستانی حکام نے تردید یا تصدیق سےگریز کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی ذرائع نے بتایا ہےکہ حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار پر سخت فیصلے لینے کا امکان ہے اور حکومت غور کر رہی ہے کہ اگربھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے نہیں آئےگا توپاکستان آئندہ کبھی بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت غور کر رہی ہے کہ جب تک بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوتے تب تک بھارت کے ساتھ کسی بھی ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلیں گے، پاکستان کی ٹیم ہمیشہ بھارت بھیجی، اچھا تاثر دیا لیکن بھارت ہمیشہ سیاست کو شامل کرتا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹےگا، بھارت نہیں آئے گا تو کسی بھی حد تک جائیں گے، اسٹیڈیم بن رہے ہیں، سکیورٹی اچھی ہے، بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے