آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے 16 اکتوبر سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 اکتوبر سے اضافہ کیا جائے گا، اس ضمن میں اوگرا نے پٹرولیم کی قیمتوں میں 8 روپے سے زائد اضافے کی سفارش کی ہے، تاہم وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ آج قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹی فکیشن جاری کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ تقریباً دو ہفتوں کے دوارن پیٹرول کی قیمت میں اوسطاً 2.8 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 7 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 76 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر تقریباً 79 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کے نرخ اضافے کے بعد 80.5 ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 87.5 ڈالر فی بیرل ہوگئے ہیں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں صارفین پر بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

دوسری طرف پٹرولیم ڈیلرز نے پٹرول پمپس منافع میں اضافے کی حکومتی تجویز مسترد کردی ہے، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 1.35 روپے فی لیٹر اضافہ ناکافی قرار دیا، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سیکرٹری پیٹرولیم سمیت دیگر حکام کو خط لکھ دیا، جس میں ایسوسی ایشن نے منافع لیٹر کے بجائے فیصد کے حساب سے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تجویز ماننے کی صورت میں پیٹرول پمپس کا منافع 20 روپے فی لیٹر تک ہوجائے گا، حکومت پٹرول پمپس کا منافع 1.40 روپے بڑھا کر 10.04 روپے فی لیٹر کرنا چاہ رہی ہے، اس مقصد کے لیے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مہنگائی بڑھ چکی ہے اس لیے منافع کی شرح کم سے کم 8 فیصد مقرر کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے