چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے بیجنگ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخطکی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ نے بھی شرکت کی۔
دونوں ملکوں کے درمیان اسمارٹ کلاس رومز کے حوالے سے دستاویز کا تبادلہ کیا گیا، اس کے علاوہ سی پیک کے تحت گوادر پر 7ویں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے نکات کی دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔
تقریب میں پاکستان اور چین کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق دستاویز کا تبادلہ کیا گیا، دونوں ملکوں کے درمیان اطلاعات اورمواصلات کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان اور چین کے درمیان غذائی تحفظ کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت پیش کی گئی، دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ لیبارٹریوں کے قیام، پاکستان اور چین کے درمیان کرنسی کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا، کرنسی تبادلے کا معاہدہ اسٹیٹ بینک اور پیپلز بینک آف چائنا کے درمیان طے پایا۔
تقریب کے دوران پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم نے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، منصوبے کی تکمیل کے لیے پاکستان اور چین کی افرادی قوت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، گوادر علاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کا بھی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین اپنا کردار اداکرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے بہت قریب ہے، دونوں ملکوں کی تزویراتی شراکت داری وقت کے ساتھ گہری ہو رہی ہے۔
پاکستان کی ترقی کے لیے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، شہباز شریف
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین نے صنعت، زراعت اور تجارت کے شعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے، دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ملکوں کے درمیان نئے باب کا اضافہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، معاشی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں چین نے نمایاں کردار ادا کیا، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کا مظہر ہے۔