پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان، 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک کیلئے فی لیٹر قیمت میں 13 روپے تک اضافے کا امکان، حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5.50 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ میں 13 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس کا اطلاق 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک کے لیے ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ تقریباً دو ہفتوں کے دوارن پیٹرول کی قیمت میں اوسطاً 2.8 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 7 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 76 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر تقریباً 79 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کے نرخ اضافے کے بعد 80.5 ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 87.5 ڈالر فی بیرل ہوگئے ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں صارفین پر بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں پٹرول کی موجودہ قیمت 247.03 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 246.69 روپے فی لیٹر ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے 30 ستمبر کو مسلسل پانچویں مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ وفاقی حکومت نے پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمتوں میں کمی کی۔
پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 7 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 57 پیسے کمی کی گئی۔ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 140 روپے 90 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 154 روپے 90 پیسے مقرر کی گئی۔ 30 ستمبر کو اعلان کردہ قیمتوں کا اطلاق 15 اکتوبر تک کیلئے ہے۔ 15 اکتوبر کو وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے