عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باعث ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مسلسل تین روز میں 4 ہزار 500 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 3858 روپے کی کمی ہوگئی۔
آج بھی پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 2 لاکھ 71 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 429 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 32 ہزار510 روپے ہوگئی ہے۔
یاد رہے عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت میں 4 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد نئی قیمت 2 ہزار 613 ڈالر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی بینک نے پاکستان میں رواں سال غربت کی شرح بڑھ کر 40.5 فیصد تک جانے کا انکشاف کیا ہے جبکہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی اتفاق رائے اور آئی ایم ایف پروگرام پر عمل ضروری قرار دیا ہے۔ عالمی بینک نے ڈیویلپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کر دی جس میں پاکستان میں سالانہ 16 لاکھ نئے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع ناکافی قرار دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں غربت کی شرح 40.2 فیصد تھی، بڑھتی غربت کی وجہ سست معاشی ترقی، بلند مہنگائی اور اجرت میں کمی ہے۔ اگلے سال مالی خسارہ کم ہو کر 7.3 فیصد کی سطح پر آجائے گا۔ پاکستان میں قرضوں کی شرح اس سال 72.4 فیصد سے 73.8 فیصد تک جانے کا تخمینہ ہے جبکہ اگلے مالی سال پاکستان کے ذمہ قرض کی شرح مزید بڑھ کر 74.7 فیصد تک جانے کا خدشہ ہے۔ اگلے دو سال میں روزگار کے حصول کے لیے مارکیٹ میں 35 لاکھ نئے لوگ آئیں گے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق مقامی کرنسی کی ترسیل 14.2 فیصد سے بڑھ کر 16.1 فیصد تک پہنچ گئی جس کی وجہ سے بھی پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا۔ مالی طور پر غیر مستحکم توانائی کا شعبہ معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے.