سپورٹس کار کی دنیا میں تہلکہ برپا کرنی والی ’ میکلارن ‘ نے اپنی نئی ’ ہائپر کار‘ W1 میدان میں اتار دی ہے جس کی قیمت 2 ملین پاونڈ رکھی گئی ہے ، گاڑی کو P1 کا جانشین قرار دیا جارہاہے ۔ W1، برطانوی لگژری کار ساز کی تیسرا ‘1’ ماڈل ہے، جس میں F1 اور P1 ماڈلز شامل تھے۔
یہ کار اتنی تیز رفتار ہوگی کہ 0 سے 186 میل فی گھنٹہ کی رفتار محض 13 سیکنڈ سے کم وقت میں حاصل کرے گی۔ میکلارن نے اس کار کے صرف 399 یونٹس تیار کرنے کا اعلان کیا ہے، لیکن بدقسمتی سے اگر آپ اس شاندار گاڑی کو خریدنا چاہتے ہیں تو آپ دیر کر چکے ہیں کیونکہ تمام یونٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔
W1 کو حقیقی معنوں میں P1 کا جانشین سمجھا جا رہا ہے، جسے 2013 میں لانچ ہونے والے ہائپر کارز "ہولی ٹرینیٹی” کا حصہ سمجھا جاتا ہے، جن میں LaFerrari اور Porsche 918 Spyder بھی شامل تھیں۔ P1، لیجنڈری F1 کی جانشین تھی ، جسے معروف ڈیزائنر گورڈن مرے نے ڈیزائن کیا تھا۔
W1 میکلارن کی اب تک کی سب سے تیز رفتار کار ہوگی، جو Senna اور Speedtail جیسے ماڈلز سے بھی زیادہ تیز ہوگی۔ اس کار کا وزن 1,399 کلوگرام ہے، اس میں فارمولا 1 ایروڈائنامکس اور ایک نیا ٹوئن ٹربو 4-لیٹر V8 ہائبرڈ انجن نصب کیا گیا ہے،جو 1258 ہارس پاور پیدا کرتا ہے، جو میکلارن کی تاریخ کا سب سے طاقتور انجن ہے ۔