فٹبال کی دنیا کے دو عظیم کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی 2003 کے بعد پہلی بار کھیل کے سب سے بڑے ایوارڈ ’بیلن ڈی اور‘ کے لیے نامزدہونے والے 30 کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر ہوگئے جہاں اس اس ایوارڈ کے لیے برازیل کے نوجوان فٹبالر ونشیئس جونیئر کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

5 دفعہ ایوارڈ جیتنے والے پرتگال کے مایہ ناز فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو گزشتہ سال بھی اس ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے اور سعودی کلب کی نمائندگی کرنے والے فٹبالر اس مرتبہ بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔

اسی طرح 2023 میں آٹھویں دفعہ اس ایوارڈ کو جیتنے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 16 دفعہ ’بیلن ڈی اور‘ کے لیے نامزد ہونے والے لیونل میسی بھی اس سال نامزد کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔

یورو 2024 کی فاتح ٹیم اسپین کے 6 کھلاڑیوں کو اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جن میں بارسلونا کے 17 سالہ ونگر لامین یامل کے ساتھ ساتھ نیکو ولیمز، الیجینڈرو گریمالڈو، ڈینی اولمو، روڈری اور ڈینی کارواجل بھی شامل ہیں۔

اس ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے کھلاڑیوں میں فرانس کے کائلیان ایمباپے اور برازیل کے ونیشیئس جونیئر بھی شامل ہیں جن کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے البتہ برازیل کے نوجوان فٹبالر کو اس کے لیے فیورٹ تصور کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح یورو کپ 2024 کی رنر اپ ٹیم انگلینڈ کے بیلنگم کے علاوہ ہیری کین، بکایو ساکا، ڈیکلین رائس، کول پالمر اور فل فوڈن بھی نامزدگیوں کی دوڑ میں شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے