صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پستول کی صفائی کے دوران باپ سے گولی چلنے کے باعث سے شیرخواربیٹی جاں بحق ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ شہر قائد میں عزیز آباد تھانے کے علاقے فیڈرل بی ایریا بانٹوا نگر میں پیش آیا جہاں گھر میں پستول صاف کرتے ہوئے باپ سے اتفاقیہ گولی چلنے سے شیرخواربیٹی جاں بحق ہوگئی، پولیس نے ملزم باپ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، متقولہ بچی کی شناخت 11 ماہ کی عنایت دختربلال کے نام سے ہوئی، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئی۔
ایس ایچ اوعزیز آباد عمران آفریدی نے بتایا کہ مقتولہ بچی کا والد بلال گھر میں اپنی لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول صاف کر رہا تھا کہ اس دوران اتفاقیہ گولی چلنے کے نتیجے میں اس کی اپنی 11 ماہ کی بیٹی عنایت سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ بچی کے باپ بلال کوگرفتارکرلیا، اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متقولہ بچی کی لاش ورثا کے حوالے کردی۔

دو ماہ قبل کراچی ہی کے علاقہ گلشن اقبال میں نوید کمال نامی شخص کے 8 سالہ بچے کی بھی پستول سے کھیلتے ہوئے گولی چل جانے سے موت ہوئی تھی، بچے کے والد نے گاڑی مکینک کو دینے سے قبل اپنے لائسنس یافتہ پستول گھر میں رکھا تھا، پستول لوڈ تھا اور گھر میں موجود بچے اپنے والد کی غیرموجودگی میں پستول سے کھیل رہے تھے کہ اس دوران پستول کا ٹریگر دب گیا، جس کے نتیجے میں چیمبر میں لوڈ گولی چلی اور بچے کو لگ گئی، جس پر گھر والوں نے واقعہ کے فوری بعد بچے کو ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دوران علاج دم توڑ گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے