وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا، اجلاس میں ملکی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور حالیہ دہشتگردی حملوں کی رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے، شہباز شریف نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعاکی، وزیراعظم نے انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعات کی فوری تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ذمہ دار دہشت گردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی، ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی قطعاً قبول نہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں اہم ایجنڈا آئٹمز کی منظوری بھی دی جائے گی، جن میں پی ڈبلیو ڈی کے اسٹاف اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کی منتقلی کی منظوری شامل ہے، اجلاس میں بیرون ملک کنونشن ریکوری آف میٹیننس سے متعلق ایجنڈا آئٹم پر غور کیا جائے گا اور حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کے فیز ون کی بھی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔
بتایا جاریا ہے کہ کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 23 اگست کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 اگست کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی شامل ہے، وفاقی کابینہ میں ایل ڈی آئی کی پی ٹی اے کو واجب الادا رقم کا معاملہ بھی زیر غور لایا جائے گا، جس پر پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے