پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت 5جاں بحق ہوگئے،فریقین کے درمیان زمین کا تنازعہ اور سابقہ مقدمہ بازی چلی آرہی تھی،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل پسرور کے گاﺅں سگنال میں زمین کے تنازعے پر مبینہ ملزمان اعجاز اور محمد شہزاد نے کھیتوں میں کام کرتے ہوئے محمد جاوید اس کی اہلیہ رقیہ اور بیٹیوں فاطمہ و ارم پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے کھیتوں میں فائرنگ سے جاوید ،رقیہ ، ارم ، فاطمہ موقع پرجاں بحق گئے جبکہ 52 سالہ خاتون رشیدہ نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے اس پر بھی فائرنگ کر دی جس سے و ہ شدید زخمی ہوگئی ۔

رشیدہ بی بی کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین کے مابین زمین کے تنازعے اور مقدمے بازی کی وجہ سے تنازعات چلے آرہے تھے۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سکھر کے علاقے باگڑجی میں جتوئی برادری کے دو گروپوں میں مسلح تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ باگڑجی تھانے کی پولیس نے علاقے میں پہنچ کر علاقے کا کنٹرول سنبھالا تھا جس کے بعد فائرنگ کا دو طرفہ تبادلہ رک گیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ تھا۔پولیس کایہ بھی کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں تین سگے بھائی چھتو، نیرو اور راجو شامل ہیں جبکہ واجو اور بابو بھی واقعے میں ہلاک ہوئے تھے۔
پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال سکھرمنتقل کردیں تھیں۔ گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں دکان کے آگے لوڈر رکشہ کھڑا کرنے پر تصادم کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دوران تصادم لاٹھیوں اور اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا تھا۔میرپور ماتھیلو کے علاقے گھنٹہ گھر کے قریب جوس کی دکان کے آگے لوڈر رکشہ کھڑا کرنے پر تین گروپوں میں تصادم ہو اتھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے