سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے لاہور میں زمان پارک آپریشن کے دوران پیٹرول بم پھینکنے کا اعتراف کرلیا۔
اڈیالا جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں صحافی نے سوال کیا کہ 9 مئی کے دن آپ کے لوگوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم دیکھے گئے۔ اس پر عمران خان نے اعتراف کیا کہ پیٹرول بم ہم نے زمان پاک لاہور میں استعمال کیے تھے اور کہیں نہیں۔
صحافی نے مزید سوال کیا کہ ویڈیوز موجود ہیں مقامی عہدیدار پیٹرول بم حساس عمارتوں پر پھینک رہے تھے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تنظیمی عہدیدار پیٹرول بم پھینکنے میں ملوث ہے تو کڑی سزا دی جائے۔
9 مئی سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ سی سی ٹی وی ویڈیوز نکالیں اور دیکھیں اس میں کون لوگ ہیں؟ آئی ایس پی آر نے کہا مافیا پیسے خرچ کرکے پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں، آپ نے ہمیں نواز شریف اور زرداری کی کرپشن کی کہانیاں سنائیں، اب الیکشن میں دھاندلی کر کے انہی لوگوں کو مسلط کیا گیا۔