صوبہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 3 مختلف آپریشنز میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز 28 اور 29 جولائی کو کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشن کیا جس میں فتنہ الخوارج کے دہشت گرد قاری سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ مہمند میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا اوراسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکار ابرار حسین شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہناتھاکہ سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی خفیہ اطلاعات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں کی اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں فتنہ الخوارج کا دہشت گرد صفت اللہ عرف ملا منصور ہلاک اور 3 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ہلاک دہشت گرد صفت اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، وہ 12 دسمبر 2023 کو درابن میں خودکش حملے کی سہولت کاری اور علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
سکیورٹی فورسز نے تیسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی اور فتنہ الخوارج کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ سکیورٹی فورسز امن و استحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔