بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں کے کوٹہ سسٹم کیخلاف طلبہ کا احتجاج رنگ لے آیا ، سپریم کورٹ نے کوٹہ سسٹم پر عملدرآمد روک دیا۔

پرتشدد مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 133 ہو گئی ہے ،پُرتشدد مظاہروں کے بعد ملک بھر میں کل صبح تک کرفیو نافذ کر دیا گیا، سڑکوں پر فوج کا گشت جاری ہے، شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سنگین صورتحال کے باعث ملک بھر میں آج اتوار اور کل پیر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ، انٹرنیٹ، ٹیکسٹ میسج اور اوورسیز کال سروسز جمعرات سے معطل ہیں۔

دوسری جانب بنگلادیش کی سپریم کورٹ میں کوٹہ سسٹم کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے کوٹہ سسٹم بحالی کے فیصلے پر عملدرآمد روکتے ہوئے کہا کہ 93 فیصد سرکاری ملازمتیں جنرل میرٹ پر دی جائیں گی۔

ادھر امریکہ نے اپنے شہریوں کو بنگلہ دیش کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے ، اس کے علاوہ ایک ہزار بھارتی طلباء بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت واپس چلے گئے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دیئے جانے کے خلاف گزشتہ کئی روز سے طلبہ کا احتجاج جاری ہے اورکوٹہ سسٹم مخالف طلبہ کی پولیس اور حکمران جماعت عوامی لیگ کے طلبہ ونگ سے جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے