محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، جنوب مشرقی سندھ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیز ہوا چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کاامکان ہے، رات کو چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام/رات میں مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
دیر، سوات،چترال، کوہستان، شانگلہ،بونیر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند،باجوڑ، صوابی،مردان، نوشہرہ، پشاور، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ جنوبی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ژوب، بارکھان،موسیٰ خیل،لورالائی، شیرانی،کوہلو، جھل مگسی، خضدار اورلسبیلہ میں بارش ہونے کا امکان ہے۔