راولپنڈی: پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس نے انسدادِ دہشتگردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں آپریشن عزمِ استحکام کو اہم قدم قرار دے دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیرصدارت 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم نے امن و استحکام کیلئے شہدا، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو بھی زبردست خراجِ عقیدت کیا، فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشن’عزمِ استحکام’ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فورم نے انسدادِ دہشتگردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں عزمِ استحکام کو اہم قدم قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے عزمِ استحکام بہت ضروری ہے، دہشتگردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئے عزم استحکام وقت کا اہم تقاضہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چند حلقوں کی جانب سے عزمِ استحکام کے حوالے سے بلاجواز تنقید کی جارہی ہے، مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قیاس آرائیوں پر فورم نے اظہارِ تشویش کیا۔