فیصل آباد کے محلہ شریف پورہ میں لیپ ٹاپ کی بیٹری پھٹنے سے آتشزدگی میں جھلسنے والے گھر کے تمام افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصلہ آباد کے محلہ شریف پورہ میں آتشزدگی سے جھلسنے والے آخری دو افراد بھی جاں بحق ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 5 سالہ ایمان فاطمہ، 45 سالہ راحت شامل ہیں، دونوں کا الائید ہسپتال میں علاج جاری تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں، ان کے وفاقت کے بعد آتشدگی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہوگئی، آتشزدگی کی زد میں آ کر سب سے پہلے جاں بحق ہونے والے ماں اور تین بچوں کے بعد مزید 3 افراد ہسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہارے، جاں بحق ہونے والے دیور اور بھابھی کی نماز جنازہ ادا کی جا رہی تھی کہ ہسپتال میں زیر علاج 8 سالہ ریحان بھی دار فانی سے کوچ کرگیا۔
بتایا گیا ہے کہ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقے محلہ شریف پورہ میں دو منزلہ گھر میں رہائش پذیر محمد اسلم مرحوم کے چاروں بیٹے اپنے آبائی گھر میں رہتے ہیں، عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل محمد احمد نے اپنے نئے تعمیر شدہ کمرے میں اے سی لگوایا، 18 اور 19جون کی درمیانی شب یعنی عیدالاضحی کے دوسرے روز اس کمرے میں محمد احمد کے بیوی بچے، اس کی والدہ اور دوسرے بھائیوں کے بچے اے سی چلا کر بیٹھے ہوئے تھے ان میں سے ایک بچہ لیپ ٹاپ چلانے میں مصروف تھا کہ اچانک لیپ ٹاپ میں سپارکنگ ہوئی اور کمرے میں زوردار دھماکہ ہو گیا اور سارے کمرے کو آگ لگ گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ آگ تیزی کے ساتھ پھیلی جس کی زد میں آکر 6 سالہ دعا فاطمہ دختر محمد احمد، 9 سالہ طلحہ ولد محمد احمد بری طرح جھلسنے کی وجہ سے ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے جب کہ 3 سالہ ریحان ولد محمد رضا، 4 سالہ ایمان فاطمہ دختر محمد رضا، 5 سالہ محمد ابراہیم ولد محمد احمد، 40 سالہ راشدہ زوجہ محمد رضا، 32 سالہ نرگس زوجہ محمد احمد، 22 سالہ محمد مکی رضا اور ان کی والدہ فرحت بی بی بیوہ محمد اسلم جھلس گئے۔
بتایا جارہا ہے کہ جھلسنے والوں کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال کے برن یونٹ میں منتقل کیا گیا جہاں پر متاثرہ گھر کے سربراہ کے دو بچوں کے بعد اس کی اہلیہ نرگس بی بی اور 3 سالہ بیٹا محمد ابراہیم بھی دم توڑ گئے، ماں اور 3 بچوں سمیت چاروں کی نعشیں گھرپہنچنے پر علاقے میں کہرام برپا ہو گیا ان چاروں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد محلہ شریف پورہ کے قبرستان میں انہیں سپرد خاک کر دیا گیا، اس کے بعد الائیڈ ہسپتال میں زیر علاج متاثرہ گھر کے سربراہ محمد احمد کی بھابھی راشدہ بی بی اور چھوٹا بھائی محمد مکی رضا بھی دم توڑ گئے، ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔