وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے ہر معاملہ فوج پر چھوڑ دیا جو خطرناک روش ہے ، صوبائی حکومتیں فوج پر سیکیورٹی کی ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتیں۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی عملداری کو پوری قوت سے نافذ کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، دہشتگردی میں مبتلا غیر مستحکم ریاست میں اچھی معیشت کا تصور نہیں کیا جاسکتا، نرم ریاست سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتی، ہمیں طاقت کے تمام عناصر کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف کامیابی کیلئے سیاسی اور مذہبی طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا، سیکیورٹی کو ریاست کے صرف ایک ادارے پر چھوڑنا فاش غلطی ہوگی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کو شامل کرنے کیلئے فعال کردار ادا کرنا ہوگا، افواج دہشتگردی کیخلاف جو جنگ کر رہی ہے اس کے اخراجات وفاق اٹھاتا ہے، دہشتگردی کیخلاف فوج کی ضروریات پوری کرنے میں کوئی کثر نہیں اٹھا رکھیں گے۔