اٹک میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اٹک سمیت 2 وکیل جاں بحق ہوگئے،ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ اٹک سٹی منتقل کردیا گیا ،ابتدائی معلومات کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر انتہائی قدم اٹھایا۔ ایلیٹ فورس کے اہلکار نے وکیل کے چیمبر میں داخل ہو کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اٹک اورایک اور وکیل جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اٹک اسرار احمد اور ایڈووکیٹ ذوالفقار مرزا کے ناموں سے ہوئی ہے۔مقتول وکلا کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئیں۔واقعے کے بعد وکلاکی بڑی تعدادہسپتال پہنچ گئی۔ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کاحکم دیا ہے جبکہ فائرنگ میں ملوث اہلکار کو انتظارکو گرفتار کرکے تھانہ اٹک سٹی منتقل کردیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق مقتولین کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال منتقل کردی گئیں اور واقعہ کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق ملزم کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے گی جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل بھی کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 2افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق تینوں افراد ہوٹل پر کھانا کھارہے تھے۔ موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ پہنے 2 ملزمان نے ان پر فائرنگ کی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے تھے۔ زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھاجہاں زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیاتھا۔دوسری جانب جامع کلاتھ مارکیٹ میں کسٹمز اور رینجرز نے چھاپہ مار کر اسمگل شدہ کپڑا تحویل میں لے لیاتھا۔
اسی طرح ایک اور واقعہ میں شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ شمالی وزیرستان کی تحصیل شواہ میں پیش آیاتھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ شواہ میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار کو نشانہ بنایاگیا تھا فائرنگ سے اہلکار جاں بحق ہوگیاتھا۔پولیس کے مطابق پولیس اہلکار کو ڈیوٹی کے بعد واپس جاتے ہوئے گھر کے قریب قتل کیا گیا تھا۔