پنجاب کے ضلع میانوالی میں عیسیٰ خیل کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ سے3افراد جاں بحق جبکہ 6شدید زخمی ہوگئے ،مسافر کوچ پر گھات لگائے نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کر دی،لاشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ کلور شریف کے قریب تصادم مندہ خیل کے رہائشی نازلی خیل اور کلو برادری کے درمیان ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔ریسکیو ٹیموں نے تین جاں بحق افراد کی میتوں اور چھ زخمی افراد کو طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کردیا۔ترجمان میانوالی پولیس نے بتایا کہ تہرے قتل کی واردات تھانہ عیسیٰ خیل کی حدود میں ہوئی۔

پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) میانوالی مطیع اللہ خان اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دیں۔مقامی پولیس نے ناکہ بندی کر کے ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل سوات میں مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے تھے۔افسوسناک حادثہ مالم جبہ رانگاہ کے قریب پیش آیا تھا۔
جہاں کوسٹر گاڑی گہری کھائی میں جاگری تھی۔ حادثے میں 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 4 افراد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، حادثے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں تھیں۔جاں بحق ہونیوالوں کی لاشیں اور زخمیوں کو سیدو شریف ہسپتال منتقل کردیا گیاتھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے