کراچی ائیر پورٹ پر ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہلکاروں نے منشیات کے شبہے میں حج پر جانے والی خاتون کے بال کاٹ دیے۔
رپورٹ کے مطابق یکم جون کو بیرون ملک روانگی کے تلاشی کے مقام پر اے ایس ایف اہلکاروں نے ایک خاتون کو روکا جو فلائٹ نمبر ایس وی 701 کے ذریعے حج پر جا رہی تھیں۔
خاتون کے بال موٹے تھے جس پر اے ایس ایف کی انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اے ایس آئی نے روکا اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)اہلکاروں کو اس متعلق بتایا۔ اے این ایف اہلکاروں نے خاتون کو کلیئر کر دیا تاہم اے ایس ایف اہلکار بضد رہے کہ خاتون نے بالوں میں کچھ چھپا رکھا ہے۔
اے ایس ایف اہلکار خاتون کو علیحدہ کمرے میں لے گئے اور وہاں لے جا کر تمام بال کاٹ دیے۔
بال کاٹنے کے بعد بالوں کو اسکیننگ مشین میں ڈال کر اسکین کیا گیا تو بالوں میں کچھ نہ نکلا۔
دوسری جانب ایوی ایشن ڈویژن نے معاملے پر انکوائری کا حکم دے دیا۔ رپورٹس کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کے سیکرٹری نے معاملے کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی اور 2 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ ملک بھر سے عازمین حج کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ پاکستان حج مشن 70 ہزار105 سرکاری اور 80 ہزارسے زائد پرائیویٹ عازمین کی میزبانی کرےگا۔
اب تک 42 ہزار سے زائد سرکاری اسکیم اور نجی حج اسکیم کے ساڑھے13ہزارسے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔