چلاس: راولپنڈی سے ہنزہ جانے والے مسافر بس کھائی میں جا گری۔ جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق راولپنڈی سے ہنزہ جانے والی مسافر بس کو شاہراہ قراقرم پر یشوکل داس کے مقام پر حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں 22 کے قریب مسافر زخمی ہوئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچیں اور متعدد زخمیوں کو ریجنل ہیڈ کوارٹر اسپتال چلاس پہنچا دیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے 20 مسافروں کی اموات کی تصدیق کر دی۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز شکیل احمد کا کہنا تھا کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق حادثہ صبح 5 بجے کے قریب پیش آیا۔ بس یشوکھل کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری۔ چلاس کے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ بس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب پریشو کھل داس کے مقام پر بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی،

وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حادثے میں جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا، ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل اور زخمی افراد کو جلد صحتیاب فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے