ملک بھر میں ضمنی انتخابات کا دنگل آج سجے گا ، 5 قومی اور 16 صوبائی نشستوں پر 191 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) 21 حلقوں میں ضمنی انتخاب کرانے کیلئے پوری طرح تیار ہے ، 62 لاکھ 30 ہزار سے زائد بیلٹ پپیرز ریٹرننگ آفیسرز ( آر اوز ) تک پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ ساڑھے 25 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی 12، بلوچستان کی 3 اور خیبرپختونخوا کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا جس کی مانیٹرنگ کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور شکایات کے ازالے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی۔

نشستیں

قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر 47 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ جو این اے 8 باجوڑ ، این اے 44، ڈیرہ اسماعیل خان، این اے 119، لاہور، این اے 132، قصور اور این اے 196، قمبر شہداد کوٹ میں پنجہ آزمائی کریں گے۔

پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا جن میں پی پی 22، چکوال کم تلہ گنگ، پی پی 32، گجرات، پی پی 36، وزیرآباد، پی پی 54، نارروال، پی پی 93، بھکر، پی پی 139، شیخوپورہ، لاہور میں پی پی 147، پی پی 149، پی پی 158، پی پی 164، پی پی 266، رحیم یار خان اور پی پی 290، ڈی جی خان شامل ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا جن میں پی بی 20، خضدار اور پی بی 22، لسبیلہ شامل ہیں جبکہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی آج ہوگی۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا اسمبلی کی دو نشستوں پی کے 22، باجوڑ اور پی کے 91، کوہاٹ پر امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔

صوبائی اسمبلیوں کے 16 حلقوں پر 191 امیدوار قسمت آزمائیں گے جبکہ عوامی نمائندوں کا انتخاب کرنے کیلئے 25 لاکھ 50 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

فوج تعینات کرنے کی منظوری

ضمنی انتخابات کیلئے سخت حفاظتی انتظامات بھی کرلئے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی حکومت کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پولنگ کے دوران سول آرمڈ فورسز کے علاوہ فوجی جوان بھی تعینات ہوں گے، فوجی دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر استعمال ہوں گے۔

موبائل انٹرنیٹ سروس معطل

ضمنی انتخابات کے موقع پر پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی جن میں لاہور ، گجرات ، ڈی جی خان ، شیخوپورہ ، صادق آباد ، چکوال ، تلہ گنگ شامل ہیں جبکہ علی پور ، ظفروال ، بھکر، قصور ، شیخوپورہ ، کوٹ چٹھہ میں بھی موبائل سروس معطل رہے گی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے