عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، قیمت 7 ماہ کی بلند ترین سطح 89 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن برینٹ کروڈ کی قیمت 1.8فیصد کے اضافے کے بعد89.67 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے ۔ مئی کے لیے امریکی خام تیل کے سودے 85 ڈالر 88سینٹس فی بیرل میں کیے گئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتے تناؤ اور امریکا میں تیل کی پیداوار میں اضافے کی وجہ سے سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اسی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں رواں مالی سال کی ابتدائی تین سہ ماہیوں میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
او سی اے سی اور عارف حبیب ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023 سے لے کر مارچ 2024 کے اختتام تک ملک میں 11.34 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کےمقابلہ میں 11 فیصد کم ہے ،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12.80 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔