اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاؤڈر سے بھرے دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں جس پر پولیس نے ماہرین کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں مبینہ مشکوک خطوط موصول ہوئے ہیں ،اسلام آباد پولیس ایکسپرٹس ٹیم تحقیقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے خط کے اندر پاؤڈر تھا ،پولیس کی ٹیم تحقیقات کررہی ہے۔
سائفر اپیلوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیکورٹ میں خطوط موصول ہوئے ہیں،بنیادی طور پر ہائیکورٹ کو تھریٹ کیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ نے اسلام آباد پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔
خیال رہے کہ مشکوک خطوط ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے چند روز قبل سپریم جوڈیشل کونسل کو ایک خط میں عدالتی معاملات میں دخل اندازی کا معاملہ اٹھایا تھااور اس معاملے پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا ہے۔