وفاقی حکومت نے عوام کو شمسی توانائی سے سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے تیاری شروع کردی، مظفرگڑھ میں چھ سو میگاواٹ سولرپلانٹ کی تعمیر کیلئے اراضی حاصل کرلی گئی۔ اعلامیہ این ٹی ڈی سی کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل چوک سرور شہید میں 600 میگاواٹ سولر پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے 2553 ایکڑ 06 کنال اور 09 مرلہ اراضی کامیابی سے ایکوائر کر لی ہے۔
این ٹی ڈی سی کے لینڈ ایکوزیشن کلکٹر نے آج 16 مارچ 2024 کو سولر پاور پراجیکٹ کی مجوزہ جگہ پر ڈائریکٹر جنرل لینڈ این ٹی ڈی سی، چیف انجینئر پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) لاہور اور دیگر افسران کی موجودگی میں لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894 کی دفعہ 11 کے تحت مذکورہ اراضی کے ایوارڈ کا اعلان کیا۔

حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق 600 میگاواٹ شمسی توانائی کا یہ منصوبہ مہنگے ایندھن سے پیدا ہونیوالی بجلی پر انحصار کم کرنے میں مدد کرے گا۔
این ٹی ڈی سی کی جانب سے لیہ میں 1200 میگاواٹ اور جھنگ میں 600 میگاواٹ کے 02 دیگر شمسی توانائی کے منصوبوں کیلئے اراضی حاصل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تعمیر سے سسٹم میں 2400 میگاواٹ شمسی توانائی کا اضافہ ہوگا، جس سے بجلی کی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور بجلی کی مجموعی پیداوار میں شمستی توانائی کا حصہ بڑھے گا۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے ڈائریکٹر جنرل لینڈ این ٹی ڈی سی انجینئر سہیل ممتاز باجوہ، چیف انجینئر پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) لاہور انجینئر انیس احمد ، چیف لا آفیسر مس ماریہ رفیق اور انکی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا ہے جو اراضی کے حصول کا عمل مکمل کرنے کیلئے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے