اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھنے کے معاملے پر بحث کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے تحریک التوا جمع کروا دی۔

عرفان صدیقی کی جانب سے سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی تحریک التوا کے متن میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط پارٹی ترجمان رؤف حسن نے ارسال کیا، آئی ایم ایف کو کہا گیا ہے پاکستان کی مالی امداد سے قبل قرض شرائط پر خود کو مطمئن کرے۔

تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کے بعد منتخب حکومت کے جائز ہونے کو چیلنج کرنے کی بات کی ہے، اس معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔

دوسری جانب سینیٹ اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے ن لیگی سینیٹر سعدیہ عباسی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کریں، آئی ایم ایف حکومتوں کے ساتھ ڈیل کرتا ہے، یہ ادارہ کوئی تحقیقاتی ایجنسی نہیں ہے، اس کے پاس کوئی کردار نہیں کہ پاکستان پر اپنی شرائط عائد کرسکے۔

سینیٹر سعدیہ عباسی کا کہنا تھا پی ٹی آئی کا کردار مضبوط ترین اپوزیشن جماعت کا ہونا چاہیے، آج کی اپوزیشن کل کی حکومت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مالیاتی اداروں سے ہم نے سوال جواب نہیں کرنا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے