نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسی لٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق جاری منصوبوں ، پالیسی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں نگران وزیر اعظم کی زیرِصدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا نواں اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف،نگران وفاقی کابینہ کے ارکان ، نگران صوبائی وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق جاری منصوبوں ،پالیسی اقدامات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایپکس کمیٹی نے منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور معیشت کی بہتری کیلئے کیے گئے اقدامات کا مجموعی طور پر جائزہ لیا۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔اس کے علاوہ کمیٹی نے اجلاس میں اسٹریٹیجک کنالز ویژن 2030 اور ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دے دی۔

آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے معاشی استحکام اور سماجی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے بھرپور ساتھ کے عزم کا اظہار کیا جبکہ نگران وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاشی اہداف کے حصول میں نگران حکومت کی معاونت کی تعریف بھی کی۔

نگران وزیراعظم نے آئندہ منتخب حکومت کو معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور ایس آئی ایف سی سے مستفید ہونے کی تاکید کی۔

ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے پہلے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات بھی کی جس میں ملک بھر میں امن وامان کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے