گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو چیلنج دینے والے بلاول عباسی شہید، سول اور لیاقت آباد اسپتال کی ایمرجنسی دیکھیں۔
سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اسپتال کی ایمرجنسی کی حالت دیکھ کر صدمہ ہوا۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کراچی شہر میں کوئی شخص بھوکا نہیں رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جسے راشن کی ضرورت ہے ہیلپ لائن 1366 پر ایڈریس لکھوائے، ہم اسے راشن دیں گے۔
بلاول نے نواز شریف کو مناظرےکے چیلنج پر شہباز شریف کی شرط قبول کرلی
خیال رہےکہ ایک بیان میں شہباز شریف نے بلاول کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ‘کل ایک صاحب نے نواز شریف کو مناظرے کی دعوت دی، وہ نواز شریف کو مناظرے کے بجائے سندھ کے معائنےکی دعوت دیتے تو اچھا تھا، مناظرہ بھی ہو جاتا اور موازنہ بھی’۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بلاول نے بھی شہباز شریف مناظرے کے حوالے سے مشروط آمادگی پر ردعمل دیا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ‘میں مناظرے اور معائنےکے لیے تیار ہوں، میاں نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کر لیں جہاں کا اسپتال پنجاب کےکسی بھی اسپتال سے بہتر ہے اور یہاں علاج بالکل مفت ہے اور میاں صاحب نے تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا یا وہ تھرپارکر آجائیں، وہاں کے انفرا اسٹرکچر کا معائنہ بھی ہو جائےگا اور چولستان سے تھرکا موازنہ بھی ہو جائےگا’۔