پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے شیر کے شکار کے لیے ن لیگی کارکنوں کا ہی ساتھ مانگ لیا۔

گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو پی پی کو ووٹ ڈالنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اصل جمہوریت چاہیے تو تیر پر مہر لگانی ہوگی۔

بلاول نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ کوئی تو وجہ ہے کہ شیر شکار کے لیے نہیں نکل رہا،شیر تو کہہ رہا ہے کہ کوئی اور اُن کے لیے شکار کرے تو بادشاہ سلامت بن کر وہ باہر آجائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے جیالوں نے اس الیکشن میں کمال کر دیا ہے، جو کہتے تھے پیپلزپارٹی پنجاب میں موجود نہیں، آج کل وہ دن رات پیپلزپارٹی کہہ رہے ہیں، اگر کوئی جماعت الیکشن مہم چلا رہی ہے تو وہ پی پی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے دورے کیے، ہمارے مخالف تو گھروں سے باہر ہی نہیں نکل رہے، یہ کیسی جماعت ہے جس کا لیڈرچوتھی بار وزیراعظم بننے کو تیار ہے لیکن منشور تیار نہیں، ہمارے منشور کے دس نکات پر عمل ہوا تو ملک کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

بلاول بھٹو نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ آپ سے وعدہ ہے کہ پاکستان کے عوام کی آمدنی کو دگنا کریں گے، دوسرا وعدہ آپ کو 300 یونٹ تک سولر بجلی مفت دیں گے، آپ سے تیسرا وعدہ ہے کہ ہم غریبوں کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے