مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے نام لیے بغیر بلاول بھٹو زرداری کو جواب دیتے ہوئےکہا ہےکہ پنجاب میں آنے والی کچھ جماعتیں ایسی ہیں جنہوں نے 15 سال حکومت کی لیکن ان کے پاس بتانےکے لیے 15 منصوبے نہیں ہیں۔
اپنے انتخابی حلقے این اے 119سنگھ پورہ لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف کے 1500 منصوبے بتاسکتی ہیں، پنجاب کے عوام کو نواز شریف پر تنقید برداشت نہیں، ن لیگ کے علاوہ ساری جماعتیں ایسی ہیں جنہوں نے کچھ نہیں کیا، دیگر جماعتیں دان رات تنقیدکرتی ہیں اور الزامات لگاتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک شخص پنجاب میں کہہ رہا ہےکہ نواز شریف نے ابھی تک منشور نہیں دیا، نواز شریف آنے والے چند دنوں میں منشور دےگا، مجھے احساس ہےکہ میں نے دن رات آپ کی خدمت کرنی ہے، نواز شریف کا منشور یہ ہے جو اوپر سے اورنج لائن ٹرین گزر رہی ہے، نواز شریف نے جو منشور دیا تھا تو اس پر عمل بھی کیا، نواز شریف کو جہاں عوام نے مینڈیٹ دیا وہاں کام کرایا، جہاں مینڈیٹ نہیں ملا وہاں بھی کام کرایا۔
چیف آرگنائزر ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے احساس ہےکہ میں نے دن رات آپ کی خدمت کرنی ہے، میں وہ امیدوار نہیں جس کو لوگ پرچی پر لکھ کر دیتے ہیں کہ ہمارے یہ مسائل ہیں، میں وہ امیدوار ہوں جوگھر سے پتا کرکے آئی ہےکہ حلقےکےکیا مسائل ہیں، میرا بس چلے تو این اے 119 کے ہرگھرکا دروازہ کھٹکھٹا کر مسائل پوچھوں، ہم لوگوں نے یہ ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جانا، این اے 119 کے ساتھ آج کے بعد میرا نہ ٹوٹنے والا رشتہ بن گیا ہے۔