کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی جانب سے اسلام آباد، پنڈی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں میں دہشت گردی کا خدشہ ہے، خفیہ اداروں نے 17خودکش بمبار پاکستان پہنچنے کا الرٹ جاری کردیا جس پر ملک بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق چار مختلف گروپوں کے 17سے زائد دہشت گردوں کو ملک کے اہم شہروں میں دہشت گردی کا ٹاسک سونپے جانے کی خفیہ اطلاعات سامنے آئی ہیں جس پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت دے دی گئی،اس حوالے سے آر پی او راولپنڈی ایڈیشنل آئی جی سید خرم علی کی جانب سے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی سمیت ڈویژن بھر کے ضلعی پولیس سربراہوں کو اسلام آباد راولپنڈی اٹک، میانوالی، ڈی جی خان، کے پی کے اور بلوچستان کے حوالے سے اسپیشل اینڈ اسپیسیفک انفارمیشن رپورٹ کے عنوان سے مراسلہ ارسال کیا گیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ کابل میں تحریک طالبان پاکستان کی ٹاپ لیڈر شپ کا اجلاس ہوا ہے جس میں انھوں نے جنوری میں پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیوں کا منصوبہ بنایا ہے ۔