اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ سکول،کالجز اور کاروباری مراکز کی بندش سےمتعلق نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آبادمیں سیاسی سرگرمیوں اورموجودہ صورتحال کے باعث سیکیورٹی سخت ہے،شہری کسی بھی غیرمعمولی سرگرمی کی اطلاع پکار15یا آئی سی ٹی ایپ پر دیں۔
یاد رہے اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ای-8 میں موجود بحریہ یونیورسٹی کی جانب سے پیر کو ہونے والے تمام امتحانات سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ملتوی کردیے گئے ہیں۔
بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے یہ پیغام گزشتہ روز والدین کو بذریعہ ایس ایم ایس بھیجا۔ پیغام میں پیر کوہونے والے تمام امتحانات ملتوی کرنے کے ساتھ اسٹاف کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ڈائریکٹر ایڈمن بحریہ یونیورسٹی کی طرف سے پیغام میں لکھا گیا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر 22 جنوری کو ای-8 کیمپس میں ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔ امتحانات کی اگلی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بحریہ یونیورسٹی کیمپس کے سیکیورٹی افسران اور ضروری ایڈمن اسٹاف کے علاوہ تمام اسٹاف اور اساتذہ ورک فرام ہوم کریں گے۔