عام انتخابات 2024کے لیے الیکشن کمیشن نے سکیورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق سکیورٹی اہلکار انتخابات کے پر امن انعقاد میں کمیشن کی معاونت کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ بیلیٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ کارپوریشنز کی سکیورٹی ، بیلیٹ پیپرز کی ریٹرننگ افسران تک ترسیل اور وہاں سے پولنگ اسٹیشنز تک بیلیٹ پیپرز سمیت انتخابی مواد کی ترسیل سکیورٹی اہلکاروں کی ذمہ ادری ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق ووٹنگ ،گنتی اور نتائج مرتب ہونے تک تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے جبکہ پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن میں قیام امن کی ذمہ داری پریزائیڈنگ افسر کی سربراہی میں سکیورٹی اہلکاروں کی ہو گی۔
ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ سکیورٹی اہلکار انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے اور کسی جماعت یا امیدوار کے حق یا مخالفت میں کام نہیں کریں گے ،سکیورٹی اہلکار کسی ووٹر سے اس کی شناخت کا ثبوت نہیں مانگے گا، کسی ووٹر کا پولنگ اسٹیشن میں داخلہ نہیں روکے گا۔
سکیورٹی اہلکار کسی صورت پولنگ عملہ کے فرائض انجام نہیں دے گا ، کوئی سکیورٹی اہلکار انتخابی مواد اپنی تحویل میں نہیں لےگا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق پریزائیڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر اہلکار کسی شخص کو پولنگ اسٹیشن سے گرفتار نہیں کر ے گا نہ ہی کسی واقعہ پر از خود کارروائی کر ے گا ، سکیورٹی اہلکار کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے بحث نہیں کرے گا۔ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے لیے الگ ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے گا۔