صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا نے نادہندہ سیاستدانوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو جرمانے کی وصولی کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے نادہندہ سیاستدانوں کی جاری فہرست کے مطابق صوبے میں37 امیدواروں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی جن میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی شامل ہیں جبکہ سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی الیکشن کمیشن کے نادہندہ نکلے۔

فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق وزرا کامران بنگش، تیمور جھگڑا، شوکت یو سفزئی اور اشتیاق ارمڑ بھی نادہندہ ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعت امجد آفریدی بھی الیکشن کمیشن کے مقروض نکلے۔

جماعت اسلامی کےعنایت اللہ خان بھی 50 ہزار روپے جرمانہ ادا نہ کرسکے۔

الیکشن کمیشن نے آر اوز کو امیدواروں سے جرمانے وصول کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے جانچ پڑتال کے دوران امیدواروں سے جرمانے جمع کروانے کا حکم دیا۔ جرمانے ادا نہ کرنے والے امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات میں مالاکنڈ، پشاور، سوات اور دیرلوئر میں بطور وزیراعظم جلسے اور تقاریر کیں، قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر ایک جلسے پر 50 ہزار جرمانہ کیا گیا جس کے تحت عمران خان کے ذمہ 2 لاکھ روپے جرمانہ واجب الادا ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے