نگران وزیراعلی سندھ مقبول باقر نے کہاہے کہ میرپورخاص شہر کو باقائدہ بجلی لوڈ شیڈنگ فری زون کردیا گیا ہے۔ نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر میرپورخاص شہر کو آج سےبجلی لوڈ شیڈنگ فری زون کردیا گیا ہے ،یہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے۔
پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے میر پورخاص کو باقائدہ لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے کے لیے افتتاحی تقریب سے بذیعہ وڈیو لنک کراچی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب ایس ای حیسکو افس میرپورخاص میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے انرجی و پاور محمد علی اور وفاقی سیکرٹری توانائی راشد محمود لنگڑیال نے ویڈیو لنک اسلام آباد سے شرکت کی جبکہ وفاقی ایڈیشنل سیکریٹری انرجی و پاور حسن نقوی، کمشنر میرپورخاص فیصل عقیلی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود، سی ای او حیسکو بشیر احمد گجر، ایس ایس پی عادل میمن، ایس ای حیسکو رشید احمد انصاری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
نگراں وزیراعلی سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص کو لوڈشیڈنگ فری ڈکلیئر کرنے کے مقصد سے تقریب منعقد کی گئی ہے،جیسا کہ آپ تمام کو معلوم ہے کہ آج 25 دسمبر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش ہے، اس اہم دن پر حکومت وقت کی جانب سے اہلیان ِ میرپورخاص کے لئے لوڈشیڈنگ فری بجلی کی سہولت کا آغاز کیا جارہا ہے، حیسکو انتظامیہ اور ان کی پوری ٹیم بالخصوص محنت کش ورکرز کو میرا سلام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرپورخاص کے تمام 16 فیڈروں پر کومبنگ کا کام کیا ہے، جس میں میٹروں کی سیکیورنگ، ٹرانسفارمروں کی سیکیورنگ، کھنبوں اور تاروں کی درستگی/ سیدھا کرنے کا کام، اور ترقیاتی کام بھی کرتے رہے، جہاں لاسز 30 فیصد تھے۔ انکو کم کر کے 17 فیصد تک لائے ہیں اور ریکوری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 7 ستمبر 2023 سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف مہم شروع کر رکھا ہے، تاکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی مالی حالات بہتر ہوسکے، بجلی چوری جیسی برائی کا خاتمہ کرکے لوڈشیڈنگ فری بجلی کی سہولت عوام کو دی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ حیسکو کی پوری انتظامیہ کے ساتھ سندھ حکومت مکمل تعان کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنی قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بجلی قانونی طریقے سے استعمال کریں اور بجلی چوری کرنے اور انکے سہولت کاروں کے خلاف حکومت کی اس مہم میں بھرپور تعان کریں۔ نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لوگوں سے اپیل ہے بجلی کے بل مقررہ وقت پر ادا کریں تاکہ لوڈشیڈنگ فری سہولت ملتی رہے۔
جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا کہ حیسکو انتظامیہ لوڈشیڈنگ فری بجلی کی سہولت دیگر بڑ ے شہروں میں دینے پر کام کریں، حکومت عوامی خدمت کے لئے ادارے بناتی ہے اور ادارے عوام کے تعاون کے بغیر اپنی بہتر خدمات سرانجام نہیں دے سکتے، جس کی مثال آج کا دن ہے۔ نگران وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میرپورخاص لوڈشیڈنگ فری ہونے پر لوگوں کو مبارک ہو اور مجھے امید ہے کہ حیسکو دیگر شہروں میں بھی اس طرح کام کرکے بجلی کی بہتر سروس دے گی۔
تقریب سے وفاقی سیکریٹری توانائی راشد محمود لنگڑیال نے بذیعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں دو شہروں میرپور خاص اور مردان کو لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے کیلئے منتخب کیا گیا تھا، اس ضمن میں میر پور خاص میں کئی مسائل درپیش تھے تا ہم میرپور خاص کے 16 فیڈر میں لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے میں کامیابی ملی ہے جس سے نیشنل گرڈ میں 65 ارب روپے کی بجلی بچت ہوگی۔