صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد میں گھر میں آگ لگنے سے مکان کی چھت گرنے کے باعث ایک ہی خاندان کے 9 افراد ملبے تلے دب گئے جن میں سے 7 جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایبٹ آباد میں آتشزدگی کا یہ افسوسناک واقعہ ایبٹ آباد میں قلندر آباد کے گاؤں ترھیڑی میں پیش آیا، جہاں گھر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی خوفناک آگ سے مرنے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ آگ لگنے کے باعث مکان منہدم ہو گیا، جس کے ملبے تلے ایک ہی خاندان کے 9 افراد دب گئے جن میں 7 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 2 افراد کی تلاش جاری ہے، واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام 7 افراد کی موت جھلسنے کے باعث ہوئی جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

اسی طرح کا ایک واقعہ چند ہفتے قبل صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی پیش آیا تھا جہاں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، لاہور کے علاقے اندرون بھاٹی گیٹ میں یہ انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مکان میں آگ لگنے سے 10 افراد جاں بحق ہوئے، تمام افراد ایک ہی خاندان کے تھے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 بجے، 3 خواتین اور ایک مرد شامل ہے، آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فوری پہنچنے والے ریسکیو ورکرز نے آگ پر قابو پایا جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گھر میں آگ لگنے سے 10 افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے پر کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ بھی طلب کی، نگران وزیراعلی محسن نقوی نے گھر میں آگ لگنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے