مری میں برفباری کے ساتھ ہی ملک بھر سے سیاحوں کی مری آمد کا سلسلہ جاری ہے، سیاحوں کے لیے 13 سہولت مراکز قائم کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ سیاحوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے انتظامیہ فیلڈ میں متحرک ہے ، برفباری کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر سے سیاحوں کی مری آمد کا سلسلہ جاری ہے، راستوں کی صفائی اور نمک کا چھڑکاؤ کروایا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاحوں کے لیے قائم کنٹرول روم اور سہولیاتی مراکز کے دورہ کے موقع پر کیا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز ، اسسٹنٹ کمشنر مری ڈاکٹر محمد انس سعید اور ڈی ایس پی مری محمد عارف بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر مری نے انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اپنی نگرانی میں راستوں کی صفائی اور نمک کا چھڑکاؤ کروایا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مری نے کہا کہ سیاحوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے مری میں 13 مختلف مقامات پر سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں ، تمام انتظامی محکمے متحرک ہیں، ڈسٹرکٹ انتظامیہ مری تمام تر انتظامات و سہولیات پر نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد و خشک جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ و دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت سمیت شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں نارووال ، نارنگ منڈی میں ایک ملی میٹر اور سیالکوٹ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت06 اور زیادہ سے زیادہ19سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 61فیصد رہا۔ اسی طرح لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 184رہی جبکہ شہر کے دیگر علاقوں ٹھوکر نیاز بیگ میں کوالٹی ایئرانڈکس187،ڈی ایچ اے 8فیز میں190،پولو گرائونڈ 205،مراتب علی روڈ 205،فدا حسین روڈ194،فاسٹ یونیورسٹی 219، یو ایم ٹی 193اورپاکستان انجینئرنگ سروسز میں186 ریکارڈ کیا گیا۔