تحریک انصاف نے انتخابات کے لیے انتظامی افسران کی تقرری کو مسترد کردیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ دھاندلی کے دروازے کھولنے کے مترادف اور انتخابات کی شفافیت خاک میں ملانے کی جانب کلیدی قدم ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کی انتظامی مشینری پی ٹی آئی کو کچلنے میں کردار ادا کررہی ہے، الیکشن کمیشن انتظامی افسران کی تقرری کا پورا عمل رول بیک کرے۔
عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ، آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
واضح رہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز) ، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 36 اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران تعینات ہوں گے، پنجاب کے 41 اضلاع میں سے 40 کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈی آر اوز ہوں گے جب کہ ڈائریکٹر جنرل ڈی جی خان ڈیولپمنٹ اتھارٹی محمد خالد منظورکو ڈی آر او تونسہ تعینات کیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے 30اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈی آر اوز ہوں گے، دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے 36 اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ڈی آر اوز تعینات کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز ڈی آر او اسلام آباد تعینات کیے گئے ہیں۔