#گورنر بلوچستان کا دورہ پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑا
اورماڑا مکران ڈویژن: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے ہفتہ کے روز پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑا مکران ڈویژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ساتویں یوم والدین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب بھی کیا. گورنر بلوچستان کا پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑا پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گیا. گورنر بلوچستان کو ساحل مکران کی معاشی، معاشرتی اور تعلیمی سلسلے میں کی جانے والی تمام تر کاوشوں سے متعلق بریفنگ دی گئی دورے کے موقع پر وائس ایڈمرل راجہ رب نواز (ہلال امتیاز) کمانڈر کوسٹ اور کیپٹن فضل الرحمان، پرنسپل پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑا بھی ساتھ تھے. تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پاکستان نیوی ملکی ساحلی حدود کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ اور مقامی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے بھی کام کر رہی ہے. پاکستان نیوی کیڈٹ کالج میں بلوچستان کے طلباء کو معیاری تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ جدید طرز زندگی کی دیگر سہولیات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں تاکہ وہ بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں. انہوں نے پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑا کو ساتویں یوم والدین کی کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی. گورنر بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں کسی بھی ملک و قوم کے سرمایہ ہوتے ہیں. اس سلسلے میں یہ کہنا مناسب ہوگا کہ آپ نہ صرف بلوچستان کے بلکہ پورے پاکستان کا مستقبل ہیں. انہوں نے کہا کہ الحمدللہ بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے. گوادر پورٹ کی تعمیر اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے علاوہ بلوچستان میں مزید کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز ہو چکا ہے اور روزگار کیلئے نئے دروازے کھل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ترقی کی اسی رفتار کو مدنظر رکھتے ہوئے میں کہہ سکتا ہوں کہ وہ دن دور نہیں جب یہ خطہ بھی پاکستان کے دوسرے ترقی یافتہ علاقوں کی طرح خوشحال ہوگا. انہوں نے کہا کہ کیپٹن فضل الرحمان کی قیادت میں فیکلٹی اور انتظامیہ جس لگن اور جانفشانی سے اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے کوشاں ہیں وہ جذبہ لائقِ تحسین اور قابل ستائش ہے. گورنر بلوچستان نے اُن تمام کیڈٹس اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مختلف مواقعوں پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مختلف اعزازات اپنے نام کیے. انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو دن دگنی اور رات چگنی ترقی عطاء فرمائے.قبل ازیں گورنر بلوچستان ساتویں یوم والدین کی تقریب کے منتظمین اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں مختلف انعامات تقسیم کئے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے