حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نےکہا ہے فلسطینیوں کو پاکستان سے بڑی امیدیں ہیں، پاکستان ایک بہادر ملک ہے، اگر یہاں سے اسرائیل کو روکا گیا تو ظلم رک سکتا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی حرمت مسجد اقصیٰ کانفرنس سے ویڈیولنک پر خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل اچانک غزہ پر حملہ کرکے اسے ہمیشہ کے لیے ختم کر دینا چاہتا تھا، ہم نے اسرائیل کے حملے سے قبل اپنے دفاع میں اسرائیل پر حملہ کیا۔
اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ اور بیت المقدس پر ہمیشہ کے لیے قبضہ کرلینا چاہتا تھا، دوسری طرف مسلمان ممالک سے اسرائیل کو تسلیم کرانےکا پلان چل رہا تھا، اوسلو معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوا، ہمارے مزید علاقوں پر قبضے ہوئے ہیں۔