سونے کی قیمت یکدم گرگئی، ہزاروں روپے کی کمی ہو گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 200 روپے کم ہوگئی۔ سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 19 ہزار 400 روپے پر پہنچ گئی۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 601 روپے کی کمی ہوئی۔
10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 88 ہزار 100 روپے رہ گئی۔ انٹر نیشنل مارکیٹ میں سونا 37 ڈالر کی کمی سے 2 ہزار 57 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔ چاندی کی قیمت 20 روپے کمی سے 2600 روپے فی تولہ رہ گئی۔ گذشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ بڑھنے کے باوجود ملکی سطح پر قیمت برقرار رہی۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3 ڈالر کے اضافے سے 2094ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، تاہم مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 223600روپے پر مستحکم رہی۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 191701روپے پر برقرار رہی۔فی تولہ چاندی کی قیمت میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور یہ 2620 روپے فی تولہ اور 2246.21روپے فی10 گرام پر مستحکم رہی۔جب کہ غیرضروری ڈیمانڈ گھٹنے اور سپلائی میں بہتری کے باعث پیر کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر ریورس گیئر میں رہا جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 286روپے سے بھی نیچے آگئے۔
کاروباری دورانیے کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 44پیسے کی کمی سے 284روپے 52پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50پیسے کی کمی سے 285روپے 50پیسے پر بند ہوئی۔ ترسیلات زر، برآمدات میں اضافے اور انتظامی اقدامات کی بدولت ڈالر کی اسمگلنگ اور سٹے بازوں کی سرگرمیاں منجمد ہونے سے ڈالر بیک فٹ پر آگیا ہے