اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت دیگر 6 ملزمان کے خلاف 190 ملین پاو¿نڈز ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کر دیا اور عدالت نے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کی جانب سے جاری آج کی سماعت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے 190 ملین پاو¿نڈ اسکینڈل ریفرنس کی اسکروٹنی مکمل کر لی گئی ہے، لہٰذا عدالت ریفرنس کو ٹرائل کے لیے منظور کرتی ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق اس ریفرنس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں جبکہ بشریٰ بی بی عبوری ضمانت پر رہا ہیں، دیگرملزمان مرزا شہزاد اکبر، ضیا المصطفیٰ نسیم، ذلفی بخاری فرحت شہزادی اور دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ آئندہ سماعت پر وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائے۔ حکم نامے کے مطابق آج سابق چیئرمین پی ٹی ائی کو اڈیالا جیل میں قائم احتساب عدالت میں پیش نہیں کیاگیا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل آئندہ سماعت پر انہیں عدالت میں پیش کریں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کے مطابق 190 ملین پاو¿نڈز ریفرنس کا ٹرائل اڈیالا جیل راولپنڈی میں کیا جائے گا اور ریفرنس کی آئندہ سماعت 6 دسمبر 2023 کو ہوگی۔