ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1600 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 2 لاکھ 34 ہزار 400 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار372 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 960 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 4 ڈالر اضافے سے 1960 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔ دوسری جانب وزارت خزانہ کی ماہ جولائی تا اپریل کی آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا کہ پچھلے 10ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ، بیرونی سرمایہ کار ی اور بڑی صنعتوں کی پیداوار کم رہی، ایف بی آر کے محصولات میں 16 فیصد اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح 11 فیصد سے بڑھ کر 28.2 فیصد تک پہنچ گئی۔
جیو نیوز کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے ماہ اپریل تک کی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے،جس کے تحت وزارت خزانہ نے جولائی 2022 سے اپریل 2023 تک کے اعدادوشمار جاری کئے ہیں، رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ میں مہنگائی کی شرح 11 فیصد سے بڑھ کر 28.2 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔اپریل میں سی پی آئی کی شرح 36.4 فیصد رہی جو مارچ میں 35.4 فیصد تھی۔10ماہ میں بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 10.6 فیصد سے کم ہوکر 8.1 فیصد رہ گئی۔
جولائی سے اپریل تک کا مالی خسارہ 11.7 فیصد اضافے سے 3ہزار 535ارب روپے رہا۔گزشتہ سال جولائی سے اپریل میں مالی خسارہ 3 ہزار 165ارب روپے تھا۔جولائی سے اپریل تک پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 76فیصد کم ہوا۔گزشتہ سال اسی عرصے میں پاکستان کی برآمدات کا حجم تقریبا27ارب ڈالر تھا، رواں مالی سال کے 10ماہ کے دوران برآمدات میں 23 فیصد کمی ہوئی۔ جولائی سے اپریل تک براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 23.2 فیصد کم ہوئی۔
بیرونی سرمایہ کاری ایک ارب 52کروڑ ڈالر سے کم ہوکر ایک ارب 17 کروڑ ڈالر رہ گئی ہے۔ پہلے 10ماہ میں ایف بی آر کے محصولات میں 16فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی سے اپریل تک نان ٹیکس ریونیو پر 26.2 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی سے اپریل تک ترقیاتی پروگرام کے استعمال میں 27.2 فیصد کمی ہوئی۔ جولائی سے اپریل تک ترقیاتی پروگرام کے تحت 329ارب روپے خرچ ہوئے۔خسارہ ، سرمایہ کاری، بڑی فصلوں اور صنعتوں کی پیداوار کم رہی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے