پنجاب حکومت نے لاہور میں ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق مصنوعی بارش کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے والی متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کی کلاؤڈ سیڈنگ ٹیم کے سربراہ احمد الکمال کی سربراہی میں وفد نے لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ملاقات کی، اماراتی ٹیم میں چیف پائلٹ مائیکل اینسٹس اور پائلٹ کرنل عبید بھی شامل تھے، اس موقع پر محسن نقوی نے سموگ میں کمی کے لیے مصنوعی بارش برسانے والی یو اے ای کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش کا لاہور میں کامیاب تجربہ کیا گیا اور ایئر کوالٹی لیول کئی روز 200 سے نیچے رہا، سموگ میں کمی کیلئے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی، متحدہ عرب امارات کی ٹیم مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسائے گی تاکہ سموگ لیول میں مزید کمی لائی جا سکے، امید ہے جنوری میں مناسب بادل آتے ہی دوبارہ مصنوعی بارش برسائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش برسا کر یواے ای کی ٹیم کا نام تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، پاکستانی قوم متحدہ عرب امارات کے پائلٹس کی اس کاوش کو فراموش نہیں کرسکتی، مصنوعی بارش برسانے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے بے پایاں تعاون کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے سربراہ احمد الکمال اور وفد کے دیگر ارکان نے شاندار مہمان نوازی پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ رواں ماہ جنوری کے دوران ہی مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسانے کا دوسرا تجربہ بھی کیا جائے گا۔