ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد قتل اور 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے لغاری گیٹ کے سامنے واقع خادم گھی ایجنسی پر تین نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کینٹ مصالحتی کمیٹی کے رکن اور گھی ایجنسی کے ڈیلر رانا محمد اسلم اور منشی ملک محمد جاوید جاں بحق جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
شدید زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں رانا محمد اسلم اور منشی ملک محمد جاوید زخموں کی تاب نہ لا سکے اور دم توڑ گئے دیگر زخمیوں کو بھی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر فرار ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مقتول رانا محمد اسلم کی دکان پر پہلے بھی ڈکیتی کی ناکام کوشش ہو چکی ہے۔
شہریوں اور تاجروں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری و تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔