اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری، ایم این اے محمد احمد چٹھہ اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچرکی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئےکہا ہے کہ اعجاز چوہدری کو انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم قرار دے کر 10 سال کی سزا سنائی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اعجاز چوہدری آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت رکن سینیٹ رہنےکے اہل نہیں رہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ایم این اے محمد احمد چٹھہ اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے احمد چٹھہ اور احمد خان بھچرکو مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال کی سزا سنائی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق احمد چٹھہ این اے 66 وزیرآباد اور احمد خان بھچر پی پی87 میانوالی سے منتخب ارکان اسمبلی تھے۔