Breaking
28 جولائی 2025, پیر

وزیراعظم شہباز شریف کا قومی ہیروزکو نوازنے کیلئے بڑا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ہیروز پر انعامات کی بارش کر دی۔ کھلاڑیوں کے لیے انعامی پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے انہیں بھرپور مالی اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو خطیر رقم دی جائے گی۔ منظوری کے بعد یہ انعامی پالیسی فوری طور پر نافذ کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے قومی ہیروز اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا۔ حکومتِ پاکستان نے مختلف بین الاقوامی اور قومی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے نئی انعامی پالیسی نافذ کر دی ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 3 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، جو اس سے قبل 1 کروڑ روپے تھا۔ اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے پر 2 کروڑ روپے اور براؤنز میڈل پر 1 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔

اسی طرح ونٹر اولمپکس، ایشین گیمز اور پیرا اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 1 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔

ایشین گیمز میں سلور میڈل پر 70 لاکھ، براؤنز میڈل پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ کو 75 لاکھ روپے اوراسلامک گیمز میں گولڈ پر 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

نئی پالیسی کے تحت برٹش جونیئر اور یو ایس اوپن جونیئر جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک کروڑ روپے انعام رکھا گیا ہے۔

ایشین انڈور گیمز میں گولڈ میڈل پر 20 لاکھ، سیف گیمز میں گولڈ میڈل پر 10 لاکھ، یوتھ اولمپکس میں گولڈ میڈلسٹ کو 50 لاکھ اور ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر 75 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

نئی انعامی پالیسی میں نیشنل گیمز اور قائداعظم گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کے لیے 10 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔

مزید برآں، حکومت نے اسپیشل اولمپکس، بلائنڈ اور ڈیف سپورٹس کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی انعامی رقم مختص کر دی ہے، تاکہ ہر سطح کے قومی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرتے ہیں، ان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہنے کے لیے ریاست ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے