اسلام آباد سے لاہور جانے والی مسافر بس چکوال میں حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق اور 31 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس کو حادثہ موٹر وے پر ڈھوک سیال کے قریب پیش آیا اور بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے، زخمیوں کو ٹراما سینٹر کلر کہار اور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں مزید 3 زخمی انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی۔
ڈپٹی کمشنر کا بتانا ہے کہ شدید زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی، حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔
ترجمان چکوال پولیس کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور حادثےکے بعد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے، حادثے کا مقدمہ موٹروےپولیس کی مدعیت میں درج کیا جا رہا ہے۔
جامشور میں کراچی سے لاڑکانہ جانے والی بس کو حادثہ، 2 افراد جاں بحق
ادھر جامشورو میں بھی ایم نائن موٹر وے پر کراچی سے لاڑکانہ جانے والی مسافر بس ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد میں کوچ کا کلینر اور ٹرک ڈرائیور شامل ہیں۔